الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلاول اور مراد علی شاہ کو نوٹس جاری

61 Views

پشاور میں بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر الیکشن کمیشن نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، خورشید شاہ اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت 7  اراکین اسمبلی کو نوٹس جاری کردیے۔

30 نومبر کو بلاول بھٹو زرداری سمیت پارٹی کے دیگر اراکین نے پشاور میں پارٹی کے یوم تاسیس کے جلسے سے خطاب کیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق بلاول بھٹو زرداری، اراکین قومی اسمبلی خورشید شاہ، عبدالقادر پیٹل، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ، سعید غنی، نثار کھوڑو اور رکن خیبرپختونخوا اسبملی نگہت اورکزئی کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

ریجنل الیکشن کمشنر کے مطابق خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہو چکا ہے، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور دیگر اراکین اسمبلی نے پابندی کے باوجود جلسے میں شرکت کی جو سیاسی جماعتوں کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ارکین اسمبلی سمیت تمام سرکاری عہدیداروں کو بلدیاتی انتخابات کی مہم میں حصہ لینے سے منع کیا گیا تھا، جلسے سے خطاب کرکے سیاسی جماعتوں کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے بلاول بھٹو سمیت 7 ارکین اسمبلی کو 3 دسمبر کو ساڑھے گیارہ بجے ریجنل الیکشن کمشنر پشاور طلب کرلیا ہے اور عدم پیشی کی صورت میں معاملہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حوالے کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے