پاکستان، فلسطینیوں کے حقوق کا علمبردار ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

91 Views

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، فلسطینیوں کے حقوق کا علمبردار ہے۔ پاکستان نے فلسطین کے حوالے سے ہمیشہ واضح اور ٹھوس موقف اختیار کیا ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا ایک اہم بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر حملوں کی پرزور مذمت کی ہے۔ فلسطینیوں کو ظلم کرکے بے دخل کرنے کا کوئی اخلاقی اور سیاسی جواز نہیں بنتا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ستائیسویں کی شب مسجد میں عبادت میں مشغول نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے۔ فلسطینیوں پر ظلم وستم کسی صورت قابل قبول نہیں، فلسطینیوں کو ان کے حقوق ملنے چاہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ عرب لیگ نے اس حوالے سے ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ عرب لیگ، او آئی سی اور مسلم امہ کو مل کر اس بربریت کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے اور انسانی حقوق کے علمبردار، مغربی ممالک کی توجہ اس جانب مبذول کروانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا کا ٹرینڈ بڑھتا جارہا ہے، اس کا حل تلاش کرنا ہوگا۔ حضور ﷺ کی شان میں گستاخی کے واقعات، پوری دنیا کے مسلمانوں کی دل آزاری کا سبب بنتے ہیں۔ حضور ﷺ کی شان میں گستاخی، کسی صورت قابل برداشت نہیں ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ جو عناصر نفرت کے بیچ بو رہے ہیں، ہمیں مل کر ان کا سدباب کرنا ہوگا۔ میں نے وزیراعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں، ایران، ترکی اور انڈونیشین حکام کو اس معاملے پر اعتماد میں لیا۔ مسلم ممالک کو مل کر او آئی سی کے فورم سے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے