رخصتی کے وقت زیادہ رونے سے دلہن انتقال کرگئی

205 Views

رخصتی کے وقت کسی بھی دلہن کی آنکھوں میں آنسو  آنا یا خاندان بھر کو چھوڑ دینے کے باعث اداسی میں مبتلاہو جانا فطری عمل ہے لیکن جب یہی لمحہ کسی نئی نویلی دلہن کا سسرال جانے سے قبل ہی موت کا سبب بن جائے تو خاصا وحشت ناک محسوس ہوتا ہے۔

بھارت کی مشرقی ریاست اڈیسہ کے ضلع سونپور میں گزشتہ ہفتے ایک عجیب وغریب واقعہ پیش آیا جب رخصتی کے وقت نوبیاہتا دلہن زیادہ رونے کے باعث دل کادورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ سونپور کے گاؤں بینکا سے تعلق رکھنے والی گپتسواری ساہو بولانگی کے ساتھ پیش آیا جو بسیکیسن پرادھن نامی شخص کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں، رخصتی کے وقت نوبیاہتا دلہن اپنے گھروالوں سے مل کر شدید رونے لگی اور اچانک بیہوش ہوگئی۔

دلہن کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دے دیا، ڈاکٹروں کے مطابق دلہن کی موت حرکت قلب بند ہونے کے سبب ہوئی۔

دلہن کے اہل محلہ کے مطابق  ہم جانتے تھے کہ گپتسواری ساہو رخصتی کے وقت دباؤ میں تھی کیونکہ کچھ عرصہ قبل ہی اس نے اپنے والد کو کھو دیا تھا، اس کی شادی کا اہتمام بھی ماموں کی جانب سے کیا گیا تھا۔

اہل محلہ کا کہنا تھا کہ  ہمیں توقع نہیں تھی کہ اس کی موت اس طرح ہو جائے گی، وہ ایک اچھی لڑکی تھی۔

Follow news10.pk on Twitter and Facebook to join the conversation

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے