آزاد کشمیر میں انتخابات کل ہوں گے، 33 حلقوں میں 12 بڑے مقابلے متوقع

134 Views

آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا سامان آج تقسیم کیا جائے گا اور پولنگ کل ہوگی جس میں 32 لاکھ 20 سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جب کہ انتخابات میں 33 حلقوں میں 12 بڑے مقابلے متوقع ہیں جن میں سابق وزرائے اعظم، سیاسی جماعتوں کے سربراہان وزارت عظمیٰ کی دوڑ میں شامل ہیں۔

آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں دارالحکومت مظفرآباد کی نشست حلقہ ایل اے 29 مظفرآباد تین پر2011 اور 2016 میں مسلسل دو مرتبہ منتخب ہونیوالے مسلم لیگ ن کے امیدوار بیرسٹر افتخار علی گیلانی کا مقابلہ سینئر ترین پارلیمینٹیرین خواجہ فاروق سے ہے۔

حلقہ ایل اے 31 مظفرآباد 5 میں پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر کا مقابلہ مسلم کانفرنس کے راجہ ثاقب مجید سے ہے جب کہ حلقہ ایل اے 32 میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدرخان اپنے آبائی حلقے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے صاحبزادہ اشفاق ظفر سے مدمقابل ہیں،  وادی لیپہ کی نشست حلقہ ایل اے 33 سے بھی راجہ فاروق حیدر انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں جہاں ان کے مقابل پاکستان تحریک انصاف کے دیوان علی خان ہوں گے۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور مسلم کانفرنس کے قائد سردار عتیق احمد خان حلقہ ایل اے 14 میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار میجر ریٹائرڈ لطیف خلیق کے مابین سخت مقابلے کا امکان ہے۔

حلقہ ایل اے 15 میں تحریک انصاف کے امیدوار سردار تنویر الیاس کے مد مقابل مسلم لیگ ن کے مشتاق منہاس اور مسلم کانفرنس کے راجہ یاسین ہیں، تنویر الیاس کا نام آزاد کشمیر کے اگلے وزیراعظم کے طور پر بھی لیا جا رہا ہے لہٰذا یہاں بھی مقابلہ کانٹ دار ہونے کا امکان ہے۔

حلقہ ایل اے 16 میں پاکستان پیپلزپارٹی کے سردار قمرالزمان تحریک انصاف کے سردار میر اکبر کے مد مقابل ہیں۔

سابق وزیراعظم اور صدر آزادکشمیر رہنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے سردار یعقوب خان دو انتخابی حلقوں سے امیدوار ہیں، حلقہ ایل اے 20 میں وہ مضبوط امیدوار تصور کیے جارہے ہیں تاہم حلقہ ایل اے 21 میں ان کا مقابلہ جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ سردار حسن ابراہیم کے ساتھ ہے جو آزاد کشمیر کے پہلے صدر سردار ابراہیم کے پوتے ہیں۔

آزاد کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسین بھی دو نشستوں سے انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں، حلقہ ایل اے 10 میں مسلم کانفرنس کے امیدوار فاروق سکندر اور ایل اے 12 میں راجہ ریاست ان کے مدمقابل ہوں گے، فاروق سکندر سابق وزیراعظم سردار سکندر حیات خان کے فرزند ہیں۔

آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم تحریک انصاف کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری حلقہ ایل اے 3 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محمد سعید سے مقابلے میں ہیں جب کہ حلقہ ایل اے 7 میں مسلم لیگ ن کے چوہدری طارق فاروق اور تحریک انصاف کے انوارالحق میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

حلقہ ایل اے 17 پاکستان پیپلز پارٹی کے فیصل ممتاز راٹھور اور مسلم لیگ ن کے چوہدری عزیز میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

حلقہ ایل اے 25 اپر نیلم میں موجودہ اسپیکر اسمبلی اور مسلم لیگ نون کے شاہ غلام قادر پاکستان تحریک انصاف کے بزرگ امیدوار حاجی گل خنداں مد مقابل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے