پاکستان: تشویشناک حالت کے کورونا مریض 5 ہزار سے زائد

90 Views

سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پھر 30 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 84 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 65 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 3 ہزار 648 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 5 اعشاریہ 73 فیصد ہو گئی۔

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 24 ہزار 848 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 11 لاکھ 19 ہزار 970 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 89 ہزار 44 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 5 ہزار 151 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 10 لاکھ 6 ہزار 78 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 53 ہزار 770 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 71 لاکھ 69 ہزار 42 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں اب تک کُل 4 کروڑ 47 لاکھ 36 ہزار 977 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 18 ہزار 478 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 6 ہزار 566 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 3 لاکھ 78 ہزار 288 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 11 ہزار 505 ہو چکی ہیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 55 ہزار 712 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کُل اموات 4 ہزار 750 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 95 ہزار 709 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 848 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 31 ہزار 781 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 335 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 30 ہزار 423 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 675 مریض وفات پا چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 9 ہزار 579 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 169 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے